الخدمت و جماعت اسلامی ریلیف سرگرمیوں کے ہیرو ہیں‘ امیر العظیم

289

لاہور( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہاہے کہ حکومتوں کے کرنے کے کام جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کر رہی ہے ۔ کورونا وبا کی ریلیف سرگرمیوں میں عوامی خدمت کی ہیرو جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جے آئی یوتھ لاہور کے زیراہتمام اینٹی باڈیز کورونا فری ٹیسٹنگ کیمپ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، جے آ ئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر میاں صہیب شریف ، الخدمت فائونڈیشن لاہور کے صدر عبدالعزیز عابد ، میاں رضوان یوسف ، شفیق ملک ، اسامہ ابراہیم ، نعمان واصف ، ارسلان کھوکھر و دیگر بھی موجود تھے ۔امیر العظیم نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن نے خدمت انسانیت کی روشن مثالیں قائم کی ہیں جسے ملکی و غیر ملکی سطح پر سراہا جارہاہے جبکہ دوسری جانب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف میں مبتلا کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کی خدمات کے سامنے تبدیلی حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ امیر جماعت اسلامی ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی نے پورے لاہور میں ہزاروں افراد کے فری و رعایتی کورونا ٹیسٹ کیے ہیں اور اب اینٹی باڈیز کورونا ٹیسٹ کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے ۔جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل نے کہاکہ جے آئی یوتھ کے کارکنان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ۔ حکومت کی قائم کردہ ٹائیگر فورس صرف کاغذوں تک محدود ہے ۔