آشوبِ چشم اور اس کا علاج

2245

آشوب چشم باریک جھلی (آنکھ کی جھلی) میں سوزش کا نام ہے جسے انگریزی میں Pink Eye یا Conjunctivitis کہتے ہیں جو آنکھ کے سفید حصے (سفیدہ چشم) کو ڈھانپتی ہے۔ اس جھلی کی سفید رنگت گلابی یا سرخ رنگ میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

آشوب چشم زیادہ تر ایک وائرس کے باعث ہوتا ہے۔ یہ بیکٹیریا کے کسی انفیکشن یا الرجی کے رد عمل کے باعث بھی ہو سکتا ہے۔

آشوب چشم کو آنکھ کی جھلی کی سوزش بھی کہتے ہیں۔

علامات:

آشوبِ چسم کے مرض کی مندرجہ ذیل علامات ظاہر ہو سکتی ہیں:

.) آنکھ اور آنکھ کے پپوٹے کے اندرونی جانب سرخی

.) پیوٹوں پر ہلکی سوجن

.) آنکھوں میں خارش

.) آنکھ سے صاف یا پیلے سبز مواد کا اخراج

وائرس سے ہونے والا آشوپِ چشم:

وائرس کے باعث ہونے والا آشوب چشم دونوں آنکھوں کو متاثر کرتا ہے۔ یہ دیگر زکام کی علامات کے ساتھ بھی منسلک ہو سکتا ہے۔ جب بچہ نیند سے اُٹھتا ہے تو اُسکی آنکھیں چپکی ہوئی ہو سکتی ہیں، اور آنکھوں سے خارج ہونے والا مواد عام طور پر رنگت میں صاف شفاف ہوتا ہے۔

بیکٹیریا سے ہونے والا آشوبِ چشم:

بیکٹیریا کے باعث ہونے والا آشوب چشم اکثر پہلے صرف ایک آنکھ کو متاثر کرتا ہے۔ آنکھ عموماً کافی سُرخ ہو جاتی ہے اور اس میں زیادہ زرد یا سبز مواد دیکھا جا سکتا ہے، جس سے اکثر آنکھ کے پیوٹوں پر پرت جم جاتی ہے۔

الرجی سے ہونے والا آشوبِ چشم:

الرجی کے باعث ہونے والا آشوب چشم عموماً ماحول میں عام الرجی عناصر کے باعث ہوتا ہے جیسے پودوں کی پولن، گھاس، درختوں کی پولن، یا جانور۔ یہ دونوں آنکھوں کو متاثر کرتا ہے اور اس میں کم یا پھر بالکل ہی کوئی مواد خارج نہیں ہوتا۔

علاج:

1) اگر متاثرہ شخص کانٹیکٹ لینس پہنتا ہے تو اُنہیں یہ لینسز اتار دینے چاہیئے اور کسی ڈاکٹر یا آنکھوں کے سپیشلسٹ سے رابطہ کرنا چاہیئے تاکہ یہ پتا چلایا جا سکے کہ آیا یہ سُرخی کانٹیکٹ لینز پہننے کی وجہ سے تو نہیں۔

2) وائرل آشوب چشم 1 سے 2 ہفتے تک رہ سکتا ہے اور اس کے لئے کسی طبی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ خود بہ خود ہی ختم ہو جاتا ہے۔

3) بیکٹیریا کے باعث ہونے والے آشوب چشم کو آنکھوں کے لئے جراثیم کش یا آنکھ میں ڈالے جانے والے قطروں یا آنکھ میں ڈالنے والی کسی چکنی دوا کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام طور پر جب اس کا علاج شروع ہو جائے تو 24 سے 48 گھنٹوں میں اس کی علامات میں بہتری آتی ہے ۔ بیکٹیریئل آشوب چشم کے علاج کا عرصہ عام طور پر5 سے7 دن ہے۔

4) الرجک آشوب چشم منہ سے کھائی جانے والی ادویات جیسے اینٹی ہسٹامینز یا آنکھ میں ڈالے جانے والے قطرے جو کہ بالخصوص الرجی کی علامات کے لئے ہوتے ہیں اسی سے کافی بہتر ہو جاتا ہے۔ تاہم اس کے علاج کے حوالے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات کر لینی چاہیئے۔