آصف زرداری کی مشکلات میں اضافہ، مزید وعدہ معاف گواہ سامنے آگئے

625

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ نیشنل بینک کے دو سابق صدور آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس میں 61 گواہان تیار کرلیے ہیں۔ جب کہ نیشنل بینک کریڈٹ کمیٹی کے تمام افسران بھی زرداری کے خلاف گواہان میں شامل ہیں۔

سابق صدر نیشنل بینک سید علی رضا اور سید قمر حسین نیب کے وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ نیب نے دونوں وعدہ معاف گواہان کو قانون کے مطابق گواہی دینے پر معاف کردیا۔

پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔