وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کراچی کے شہریوں کو فراہم کی جانے والی بجلی کو ملک میں سب سے سستی قرار دے دی۔
اسلام آباد میں الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ کے-الیکٹرک کا ٹیرف پاکستان کے نیشنل ٹیرف سے ساڑھے 3 روپے کم ہے، اس ٹیرف کو ہم نے ریشنلائز کرنا ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ کراچی الیکٹرک پر نیپرا نے بتایا کہ انہوں نےگرڈ سسٹم پر انوسٹمنٹ نہیں کی، کے-الیکٹرک میں سندھ کے ممبر نے سفارش کر کے کے-الیکٹرک کے جرمانے کم کرائے۔
انہوں نے کہا کہ کے-الیکٹرک کو 500 کے وی گرڈ بنانے کا کہا ہے، حکومت ساڑھے 800 میگاواٹ کے-الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے دے رہی ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ کے-الیکٹرک نے بروقت آئل نہیں منگوایا ہم نے انہیں سہولیات فراہم کی، کے-الیکٹرک کا ایل این جی پلانٹ اگلے سال آئے گا جس سے بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ دیہی علاقوں اور شہروں میں ٹرانسفارمر مہیا کرنا ہے، گزشتہ اتنے ادوار میں سسٹم پر کسی نے کام نہیں کیا۔