پشاور: وفاق المدارس کاتعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

310

پشاور (اے پی پی) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے اتفاق رائے سے اپنے اپنے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے، نجی تعلیمی ادارے 15 اگست سے کھلیں گے جبکہ وفاق المدارس بہت جلد اپنے ادارے کھولنے کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ دونوں تنظیموں نے مستقبل میں بھی اشتراک کار پر اتفاق کرتے ہوئے مستقل بنیادوں پر رابطہ کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ پشاور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صوبائی نائب صدر فضل اللہ داؤد زئی، جنرل سیکرٹری سید انس تکریم اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے ناظم مولانا حسین احمد نے کہا ہے کہ آج جب زندگی کے تمام شعبہ جات کھل چکے ہیں اور کورونا وبا کی شدت اور متاثرین کی تعداد میں بھی کمی آگئی ہے ایسی صورت میں تعلیمی ادارے خواہ عصری ہوں یا دینی انہیں مزید بند رکھنا مناسب نہیں، یہ بیماری نہ اتنی جلدی ختم ہوگی نہ ہی مستقبل قریب میں کوئی ویکسین کی امید ہے لہٰذا حکومت کو خود احتیاطی تدابیر کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرنا چاہیے تھا تاکہ بچوں کا سال ضائع نہ ہو۔ حکومت کی طرف سے تیسری دفعہ تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ میں توسیع اور 15 ستمبر کے اعلان پر ہمیں شدید تحفظات ہیں اسلیے مجبوراً ہمیں خود اعلان کرنا پڑا، ہم نے ازخود ایس او پیز پر عمل درآمد کیلیے ہدایات اداروں کو جاری کردی ہیں۔ جب منڈیاں، شادی ہال، بازار، شاپنگ مال اور پبلک ٹرانسپورٹ تک کھل گئے تو پھر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا کیا جواز باقی رہتا ہے؟ دونوں تنظیمات کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اپنے وعدے کے مطابق 3 وزرا پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات کو منظرعام پر لائیں۔