سابق ہاکی کپتان و اولیمپین اسد ملک ٹریفک حادثہ میں جاں بحق

703

شیخوپورہ میں ٹریفک حادثہ میں پاکستان ہاکی کے سابق کپتان واولیمپین اسد ملک جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں شرقپور جڑانوالا روڈ پر ٹریفک حادثہ میں سابق اولیمپین پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اسد ملک جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثہ میں انکی بیٹی سیما اسد بھی شدید زخمی ہوئیں جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثہ شرقپور روڈ فیض پور انٹرچینج کے قریب اس وقت پیش آ یا جب اسد ملک کی موٹرسائیکل کو تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

اسد ملک کے بیٹے ندیم اسد کے مطابق انکی نماز جنازہ آج مورخہ28جولائی شیخوپورہ میں جامعہ مسجد توحیدیہ سول کوارٹر روڈ جناح پارک میں بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپیئن اسد ملک کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے.

اسد ملک 30،اکتوبر 1941کو  شیخوپورہ میں پیدا ہوے اور  1964کے اولمپک گیمز میں سلور میڈل،1968کے اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل 1972کے اولمپک میں سلور میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کا حصہ تھے۔

 انہوں نے 1971کا ورلڈ کپ بھی کھیلا جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔انہیں پاکستان ہاکی میں بے پناہ خدمات کے اعتراف میں 1969میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

علاوہ ازیں انہیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ ان کی فیملی میں ہاکی کے چار اولمپین تھے جن میں اولمپین سعید انور ملک۔اولیمپین نعیم امجد ملک۔اولیمپین انجم سعید ملک شامل ہیں۔