سفارتی کشیدگی؛ امریکا نے چین میں قونصل خانہ خالی کردیا

419

چین اور امریکا کے مابین سفارتی جنگ شدت اختیار کر گئی۔ڈیڈ لائن  گزرنے پر چینگڈو میں قائم امریکی قونصل خانہ کو خالی کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز قونصل خانے سے امریکی پرچم سرنگوں کیے جانے کے بعد عملے نے قونصلیٹ کو خالی کردیا۔سفارتی عملہ ڈیڈلائن گزرنے پر عمارت سے نکل گیا اور چین نے قونصلیٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔

وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں قائم امریکی قونصل خانہ بند کر دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے حکام قونصل خانے میں داخل ہو گئے ہیں اور عمارت کاکنٹرول سنبھال لیا ہے۔

چند روز قبل چین نے امریکا کو صوبہ سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں قائم اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ چین کا یہ اقدام ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ 3 روز کے اندر بند کرنے کے امریکی حکم کے جواب میں تھا۔

 چینی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا  تھاکہ امریکا کے غیرمنصفانہ اقدام کے خلاف چین نے جائز اور ضروری قدم اٹھایا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان موجودہ تعلقات کی صورتِ حال وہ نہیں، جس کی چین خواہش رکھتا ہے اور اس تمام تر صورتِ حال کا ذمے دار امریکا ہے۔