ساتھ چلنے والے دوستوں کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، ترک صدر

658

انقرہ: ترک صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ”ترقی کی راہ میں ساتھ چلنے والے دوستوں کے لیے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، جنہوں نے ہمارے خلاف سازشیں کی یا ہمیں روکنے کی کوشش کی وہ اپنے آپ کو شکست سے دوچار ہونے سے نہیں بچاسکتے۔

امسیا رنگ روڈ کی افتتاحی تقریب سے بذریعہ وڈیو کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک معیشت کی راہ میں بچھائے گئے جال ایک ایک کرکے توڑ دیے ہیں اور اب تمام شعبہ ہائے فکر و زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ ترکی کے 100 سال مکمل ہونے سے پہلے ترکی کو تمام شعبوں میں مکمل جدید، محفوظ اور ترقی یافتہ بنائیں گے”

رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ” ہم ان تمام لوگوں کو خبردار کرتے ہیں جو کسی بھی طرح  ہمارے لیےمخالفانہ رویہ رکھتے ہیں اور ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں، اگر آپ میں سیاسی و سفارتی طور پر طاقت ہے کہ آپ وہ قیمت ادا کرسکتے ہیں جو ترکوں نے کی ہے تو میدان میں آئیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے اس منظر نامے میں عالمی، سیاسی و معاشی نظام میں ہم نے اپنی عوام اور دوستوں کے حقوق کیلئے جو احسن اقدامات اٹھائے ہیں انکا تمام عالم میں احترام کیا گیا اور اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

کورونا وبا کے دوران ترک شہریوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات اور ملک میں جاری تعمیری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے اپنی عوام اور اپنے دوستوں کے مفاد کا تحفظ کرتے ہوئے زمین، ہوا اور پانی میں بے دھڑک قدم رکھا، ہم عراق اور شام سے لیکر لیبیا اور بحیرۃ ایجیئن تک جہاں جہاں ہمارے ملک کو خطرات کا سامنا تھا، ہم نے اپنی طاقت اور عزم وہمت کا بھر پور مظاہرہ کیا اور کرتے رہینگے۔

ترک صدر نے کہا کہ” ہم عقل کو تسلیم کردہ اور انصاف پر مبنی اخلاقیات کے حامل تمام تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد مذاکرات کیلیئے تیار ہیں، ہم نے ہر میدان میں ظلم و جبر پر مبنی فیصلوں پر اپنا ردعمل دکھایا ہے اور 2023 تک مکمل تیاری اور ایک مضبوط ترکی کے ساتھ ہم عملی میدان میں قدم رکھیں گے۔