مقامی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

488

کراچی: سونے کی قیمت پاکستان میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونا  9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھنے سے اہم کرنسیوں کی قدر میں کمی اور گولڈ میں سرمایہ کاری بڑھنے کے باعث مقامی وعالمی مارکیٹوں میں خالص سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

انویسٹرز کی جانب سے اپنے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے خالص سونے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری رحجان سونے کی مقامی وعالمی قیمت نےآج بھی تمام سابقہ ریکارڈ توڑدیئےہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 سال کی بلندترین سطح پہنچ گئی ہے، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 46ڈالر کے اضافے سے 1942 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جو 9 سال کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں 24قیراط کے حامل فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 5100 روپے اور4372 روپے کااضافہ ہوا ہے،جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 1 لاکھ 23 ہزار800 روپے کی سطح پر پہنچ گئی اور 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت بڑھ کرایک لاکھ 6ہزار 138 روپے سطح پر پہنچ گئی ہے۔

صرافہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آج دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2000 روپے کم رہی ہے۔