پی جے ایف کے تحت ارشد منیر کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

114

سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاکستان جرنلسٹس فورم (پی جے ایف) نے پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ سے سبکدوش ہونے والے قونصل (پریس) ارشد منیرکے اعزاز میں ایک الوداعی عشائیے کا مقامی ہوٹل میں اہتمام کیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، کوآرڈی نیٹر ابو نصر شجاع، قونصلرمحمد خالد عظیم، پی جے ایف کے عہدے داروں اور ارکان نے شرکت کی۔
پی جے ایف کے چیئرمین امیر محمد خان نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور صحافیوں کے ساتھ ارشد منیر کے قریبی روابط پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جدہ میں اپنے 3 سالہ دورملازمت کی کامیاب تکمیل پر ارشد منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پریس سیکشن کی خدمات کو بہتر بنانے، سعودی اور پاکستانی میڈیا ہاؤسز کے مابین تعلقات بڑھانے میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ امیر محمد خان نے کہا کہ سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں تعینات افسران کی زندگی خانہ بدوشی جیسی ہوتی ہے۔ کئی برس کسی ملک میں قیام، پھر اس کے بعد کسی دوسرے ملک یا وطن واپسی، اس دوران بچوں کی تعلیم اور ماحول کی تبدیلی سے معمولات شدید متاثر ہو جاتے ہیں، جو بہت تکلیف دہ ہے، تاہم ارشد منیر نے جس جاں فشانی سے اپنے ذمے داریاں نبھائی ہیں، پوری پاکستانی کمیونٹی کو ان سے محبت ہے۔
پی جے ایف کے صدر شاہد نعیم نے ارشد منیر کو منظوم خراج تحسین پیش کیا جب کہ جنرل سیکرٹری جمیل راٹھور، سید مسرت خلیل، اسد اکرم، معروف حسین، مصطفیٰ خان، ارسلان ہاشمی، محمد عدیل، محمد امانت اللہ اور یحییٰ اشفاق نے بھی ارشد منیر کے بہترین تعاون کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں کامیابی کی دعا کی۔سینئر صحافی سراج وہاب نے انہیں پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ اپنے دور میں معلومات کے بہاؤ کو فروغ دینے اور سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد منیر کا دور صحافیوں کے لیے ہمیشہ ایک سنہری دور کےطور یاد رکھا جائے گا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ارشد منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ ارشد منیر مجھےمشورے بھی دیتے رہتے تھے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران ارشد منیر کی خدمات اورتعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد منیر جہاں کہیں بھی چلے جائیں، لیکن وہ جدہ کی کمیونٹی کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔آخر میں ارشد منیر نے شرکا اور پی جے ایف کا تقریب کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میری اہلیہ اپنے قیام کی اچھی یادوں کو اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ میں سعودی عرب کے امن اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ آخر میں پی جے ایف کے ارکان نے قونصل پریس ارشد منیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔