پاکستان انٹرنیشنل اسکول (العزیزیہ) کی طالبہ کا اعزاز

318

وفاقی بورڈ اسلام آباد نے ایس ایس سی پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کردیا، جس میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ (جدہ) کا نتیجہ 96 فیصد رہا۔ پاکستان انٹر نیشنل اسکول (العزیزیہ) سے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں امسال 368 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 351 کامیاب رہے۔ مکہ مکرمہ ریجن میں افنان عزت اللہ ہاشمی نے 1100 میں سے 1071 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ دوسری پوزیشن خدیجہ اسلم نے حاصل کی جن کے نمبر 1053 تھے۔ تیسری پوزیشن سید تابش خاقان بلخی نے حاصل کی جنہوں نے 1049 نمبر حاصل کیے۔
اسکول کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق امسال میٹرک سال دوم میں 68 طلبہ نے ’ اے پلس‘ جبکہ 40 نے ’اے‘، 146 نے ’بی ‘ 83 نے ’سی‘ اور 14 نے ’ڈی ‘ گریڈ حاصل کیے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ کے پرنسپل عتیق الرحمن نے کامیاب طلبہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’طلبہ ہمارا مستقبل ہیں اور ہم اسے تابناک بنانے کےلیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔جو طلبہ امتیازی نمبر حاصل نہ کرسکے انہیں چاہیے کہ وہ آئندہ کےلیے محنت کریں کیونکہ کامیابی اسے ملتی ہے جو محنت کرتے ہیں‘۔میٹرک کے سالانہ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ افنان ہاشمی نے کہا کہ اگر امتحانات میں تمام پرچے شامل ہوتے تو امید تھی کہ وہ اس سے زیادہ نمبر حاصل کرسکتی تھیں کیونکہ سالانہ امتحانات کےلیے انہوں نے بہت محنت کی تھی۔ افنان ہاشمی نے کہا کہ وہ مستقبل میں پاکستان ائر فورس سے وابستہ ہونا چاہتی ہیں۔
دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ خدیجہ اسلم کا کہنا تھا کہ امتحانات کے لیے کافی تیاری کی تھی۔ انہوں نے مستقبل میں میڈیکل کا شعبہ اختیار کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔