پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے ارکان کا ماہانہ اجلاس

308

سعودی دارالحکومت ریاض کے صحافیوں کی تنظیم پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے ارکان کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا، جس کا آغاز سینئر ایگزیکٹو رکن حامد ناصر قادری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ بعد ازاں پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے جنرل سیکرٹری ناظم علی عطاری نے تنظیم کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اقدامات کی تعریف کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے چیئرمین عابد شمعون چاند نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران تنظیم سے وابستہ تمام صحافیوں نے اعلیٰ صحافتی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جس ذمے داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے، وہ قابل قدر اور قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیار غیر میں رہ کر اپنے ملک کی کارکردگی کو عمدہ اور اچھے انداز میں پیش کرنا چاہیے، تاکہ ہمارے وطن کا وقار ہمیشہ بلند رہے۔ عابد شمعون چاند نے مزید کہا کہ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو اجاگر کررہا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم کشمیر کی آزادی تک اپنا اخلاقی اور قلمی جہاد جاری رکھیں گے۔
پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے صدر وسیم خان نے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، ہم کمیونٹی کی بلاتفریق خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہوئے کام جاری رکھیں گے۔ فورم دیار غیر میں شفاف اور پیشہ ورانہ صحافت کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ تنظیم کے سیکرٹری اطلاعات میاں طارق جنید نے کہا کہ غیر جانبدار اور بے داغ صحافت ہی ایک اچھے صحافی کی پہچان ہے۔ اوورسیز انمول میڈیا گروپ کے سی ای او زاہد شریف نے کہا کہ پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم نے اپنی بے لوث صحافت کے ذریعے دیار غیر میں جو نام پیدا کیا ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔اجلاس کے آخر میں تمام ارکان کو پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کی شرٹس پیش کی گئیں اور لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان اور دیار غیر میں وفات پانے والوں کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔