کسانوں کیلئے خوشخبری، پنجاب حکومت کا سولر سسٹم کی تنصیب پر بڑی سبسڈی دینے کا اعلان

1156

لاہور:پنجاب حکومت نے سولر سسٹم کی تنصیب پر 50فیصد سبسڈی دینے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ سولر سسٹم کی تنصیب سپرنکلر نظام آبپاشی کیلئے کی جائے گی، 3ارب کی زائد لاگت سے20 ہزارایکڑ پر تنصیب کی جائے گی، منصوبے سے اخراجات میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر توانائی عمر ایوب خان نے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا تھا کہ 2030 تک 30 فیصد بجلی متبادل ذرائع سے حاصل ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 60 فیصد بجلی ڈالرز خرچ کر کے پیدا کی جا رہی ہے مگر متبادل ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کی قیمت انتہائی کم ہے۔

عمر ایوب نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان میں توانائی کی شعبے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگ پاکستان میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں سعودی عرب کے تعاون سے 500 میگاواٹ کا سولر پلانٹ لگائیں گے اور آئندہ سال سسٹم میں 26 ہزار میگاواٹ بجلی ترسیل کریں گے۔