گولڈ کی خریداری میں ترکی نے روس کو پیچھے چھوڑ دیا

1003

امریکہ اور ترکی کے سرد تعلقات کے بعد بھی ترکی نے اپنی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے گولڈ کی خریداری میں روس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  کورونا وائرس کی وبا سے ترک سیاحت کو پہنچنے والے نقصانات کو دیکھتے ہوئے ترکی کے مرکزی بینک نے سونے کے ریزرو بڑھانا شروع کر دیئے ہیں۔

ورلڈ گولڈ کونسل کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے مئی کے دوران ترکی سونے کا سب سے بڑا خریدار رہا، گذشتہ پانچ ماہ میں ترکش سینٹرل بینک نے 148 ٹن سونا خرید کر اپنے ریزرو میں شامل کیا ہے ۔

روس جو دنیا بھر میں دو ہزار تین سو ٹن گولڈ ریزرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ترکی نے سونے کی خریداری بڑھا کر روس کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،جنوری سے مئی تک روسی سینٹرل بینک نے صرف 28 ٹن سونا خریدا جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد کم ہے۔

تجزیہ کار کہتے ہیں کورونا وائرس کے باعث دیگر ممالک کی طرح  ترکی معیشت بھی متاثرہوئی ہے، جس کی آمدنی کا ایک بہت بڑا حصہ  سیاحت سے پورا ہوتاہے، جو ترکی کے زرمبادلہ کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہے، معیشت  کی بدحالی کی وجہ سے ترکش لیرا کی قیمت مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔

خیال رہے کہ 2018 میں ٹرمپ انتظامیہ نے ترکی پر پابندیاں عائد کرنا شروع کر دی تھیں، ترک حکام کی طرف سے ایک امریکی پادری کی گرفتاری اور روس سے ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری امریکہ کی ناراضگی کا سبب بنی۔