سندھ میں کرپشن کرنے پر این آر او نہیں ملے گا،مراد سعید

618
تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو ناکامی ہوگی، مراد سعید

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرپشن کرنے پر این آر او نہیں ملے گا، سندھ حکومت چینی اور آٹے پر این آر او دینے کی بات کرتی ہے پر این آراو کسی کو نہیں ملے گا۔

مراد سعید نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پرفوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹونے پریس کانفرنس میں سلیکشن کی بات کی، جس کی سیاست کا آغاز پرچی سے ہو وہ جموریت کیاجانے؟ درست طریقے سے احتساب ہوا تو بلاول کو تمام فیسیں واپس کرنا پڑیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو مخصوص علاقے کی جماعت بنادیا،زرداری نے امریکاسے کہا کہ ڈرون حملے کرتے جائیں ہم شور کرتے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بلاول بھٹو کو تاریخ کا علم نہیں، سندھ کی ترقی کا پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں ڈالا گیا،کتے کے کاٹنے کے 98ہزار کیس رپورٹ ہوئے لیکن علاج کے لیے ویکسین کسی اسپتال میں دستیاب نہیں، سندھ میں صحت ، تعلیم اور پانی کا پیسہ کھایا گیا، ڈاکٹر کودینے کے لیے بھی وینٹی لیٹر موجود نہیں تھا،3نسلوں سے سندھ کی حکومت صوبے پر مسلط ہے، جسے وہ اپنی جاگیر سمجھتی ہے، قبضہ مافیا بھی سندھ میں سب سے زیادہ سرگرم ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگانے والوں نے 5سال حکومت کرنے کے  بعد بھی عوام کو روٹی کپڑا نہیں دیا، ریمنڈ ڈیوس کو پیپلز پارٹی کے دور میں چھوڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول نے الزام لگایا کہ عمران خان وزیر اعظم ہاؤس میں رہتے ہیں، اُن کو بتاتا چلوں کہ وہ اپنی رہائشگاہ میں رہتے ہیں جہاں کوئی کیمپ نہیں ،گھرجانے والی سڑک بھی اپنے پیسوں سے بنوائی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالا تو ملک کا دیوالیہ نکلنے والا تھا،  عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے سفیر بن کر تقریر کی، ہمارے دور میں سیکیورٹی کونسل میں 2مرتبہ بحث کی گئی، غریبوں کا احساس کرتے ہوئے احساس پروگرام شروع کیا۔