حکومتی اتحاد میں فساد کی وجہ سے ریاستی نظام زمین بوس ہورہاہے، لیاقت بلوچ

773

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد میں فساد کی وجہ سے ریاستی نظام زمین بوس ہورہاہے،عوام پولیس اور فرسودہ بیوروکریسی کے ہاتھوں ذلیل ہو گئی ہے۔

جماعت اسلامی یوتھ کے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی ، بے روزگاری ، کساد بازار ی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ بڑی پریشانیوں کا شکار ہے،ملک کے تمام اداروں میں کرپشن اور رشوت بڑھتی ہی چلی جارہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نیب کو متنازعہ اور احتسا ب کو انتقام کا عنوان دے دیاہے،چینی ، آٹا سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں اور پٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا کرنے والے مافیا کے سامنے حکومت بے بس ہے، روزانہ کی بنیاد پر عوام کی جیبوں پر 25 ارب روپے کا ڈاکہ پڑ رہاہے۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 ءبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ریاست جموں و کشمیر کے خلاف اقدام یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے، ایک سال سے جموں و کشمیر کے عوام کو بدترین لاک ڈاﺅن میں قید کردیا گیاہے ۔