آئی پی ایل میں روز کورونا ٹیسٹ کرانے کی تجویز

598

نئی دہلی: انڈین پریمئیر لیگ( آئی پی ایل)  کے دوران کھلاڑیوں سمیت اسٹاف کے روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کرانے کی تجویز سامنے آگئی۔

انڈین پریمئیر لیگ کے مجوزہ شیڈول کے مطابق متحدہ عرب امارات میں  19 ستمبر سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کیلیے ایس او پیز کی ترتیب دی جارہی ہیں ، جس میں بھارتی فرنچائز کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک نیس واڈیا کا کہناہے کہ ٹورنامنٹ کو محفوظ اور کامیاب بنانے کیلیے کرکٹرز اور اسٹاف کے جتنے ممکن ہوں کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔

شریک مالک کنگز الیون پنجاب کا کہنا ہےکہ اگر میں کرکٹر ہوتا تو بڑی خوشی سے روزانہ ٹیسٹنگ کے لیے آمادہ ہوجاتا، سیمپل حاصل کرنے کا آسان سا طریقہ ہے، اس میں کسی کو پریشانی نہیں ہوگی، میدان کے اندر اور باہر سخت ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بائیو سیکیورٹی پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ8 ٹیموں کو ایک محفوظ ماحول دینا کیسے ممکن ہوگا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے اب تک  آئی پی ایل کے حوالے سے کوئی ایس او پیز جاری نہیں کی ہیں ۔