فلسطین پر ہورہے مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی دلبرداشتہ کرنے والی ہے، مجلس علماء ہند

544

لکھنو: مجلس علماء ہند نے کہا ہے کہ گوگل اور ایپل کے ذریعے منظم کئیے گئے عالمی نقشے سے فلسطین کو ہٹائے جانے کا عمل برداشت نہیں ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق مجلس علماء ہند نے فلسطین کے مظلوم عوام کو اسرائیل و امریکہ کے مظالم سے نجات دلانے کے لیے اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں اور ممالک سے فلسطین کی حفاظت کی اپیل کی ہے۔

مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا کلبِ جواد کا کہنا تھا کہ کئی عرصے سے امریکہ اور اسرائیل  فلسطین کو دنیا کے نقشے سے مٹانے کا خواب دیکھ رہے ہیں اور افسوس کچھ مسلم ممالک بھی دشمنِ اسلام کے دباؤ میں فلسطین مخالف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

مجلس علماء ہند کا مزید کہنا تھا فلسطین کیخلاف جاری مظالم پر عالم انسانیت کی خاموشی بالخصوص مسلم ممالک کی، دل برداشتہ کر دینے والی ہے۔ فلسطینی عوام نہ اپنے عقائد و مذاہب کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں اور نہ انہیں وہ بنیادی حقوق دیے جارہے ہیں جو ہر انسان کا حق ہے اور اس کا تماشہ سبھی ممالک بالخصوص مسلم ممالک اور عالمی تنظیمیں خاموشی سے دیکھ رہی ہیں۔