رام مندر سنگِ بنیاد: سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر دائر اپیل عدالت نے خارج کردی

457

رام مندر کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر بھارتی سماجی کارکن ساکیت گوکھالے کی جانب سے دائر اپیل الہٰ باد ہائی کورٹ نے خارج کردی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ساکیت گوکھالے نے ہائی کورٹ میں رام مندر کے سنگِ بنیاد رکھے جانے کی تقریب کیخلاف عدالت میں اپیل دائر کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ رام مندر کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں 300 افراد کو ایک جگہ جمع ہونے کی دعوت دی گئی ہے جو کہ ملک میں کوروناوائرس وبا کے پیشِ نظر وفاقی و صوبائی حکومت کی طرف سے دئیے گئے سماجی فاصلے کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اجتماع کے دوران وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

اپیل پر چیف جسٹس گووند متھر اور جج ایس ڈی سنگھ نے یہ کہہ کر سماعت کرنے سے انکار کردیا کہ عدالت اس معاملے میں دخل اندازی نہیں کرے گی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست میں مدعی نے بےبنیاد باتوں اور شبہات کی بنا پر دعویٰ کیا ہے۔ حفاظتی اقدامات اپنانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔

عدالت کی جانب سے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کے بعد ساکیت گوکھالے نے ٹوئیٹر پر اس واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اب موت کی دھمکیاں بھی ملنا شروع ہوگئی ہیں جبکہ دوسری جانب مذہبی اجتماعات کے حوالے سے اب کیا نئے احکامات جاری ہوں گے، یہ بھی دیکھا جائے گا۔