اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سینٹ کے لوگو کے ساتھ “سینٹ ہاؤس” کے نام سے سیگریٹ پیکٹس منظر عام پر آگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر دلاور خان نے ‘سگریٹ’ سینیٹ آف پاکستان کے تمام ارکان کو تحفے کے طور پر دیئے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ چئیرمین سینیٹ اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ تمباکو نوشی نہیں کرتے تاہم سینیٹر دلاور خان نے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کو بھی سگریٹ کے تحفے میں دئیے۔
دوسری جانب سینٹ کے لوگو کے ساتھ سگریٹ کے پیکٹس تقسیم ہونے پر اکثر سینٹرز نے اظہار برہمی بھی کیا جبکہ کئی ممبران نے استفسار کیا کہ کیا سینیٹ کے نام کے ساتھ سگریٹ کا برینڈ متعارف کرانا غیرقانونی ہے۔ سینیٹ آف پاکستان کے مونوگرام کو سگریٹ کے ڈبے پر چھاپنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں سگریٹ نوشی ممنوع ہے لیکن اس کے باوجود سینیٹ آف پاکستان کے احاطے میں سینیٹ آف پاکستان کے لوگو کے ساتھ سگریٹ کے پیکٹس سینیٹرز میں تقسیم کیے گیے۔
واضح رہے کہ سینٹیر دلاور خان کی مردان میں سگریٹ کی فیکٹری ہے جبکہ انہوں نے میڈیا کو موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔