آج کے دن الیکشن نہیں سلیکشن ہوئی تھی،بلاول بھٹو

558

اسلام آباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج کے دن الیکشن نہیں سلیکشن ہوئی تھی،2018کا الیکشن ہم سب کو یادہے،آج کا دن یوم سیا ہ کے طور پر منایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ 25جولائی2018 کے الیکشن میں ملک بھر میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا،90فیصد فارم 45آج تک غائب ہیں،کورونا نہ ہوتا تو 25جولائی کو یوم سیاہ منانے کے لیے سڑکوں پر ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو یاد ہے کہ کس طرح 25جولائی ملک میں سلیکشن کرایا گیا،گذشتہ الیکشن میں ہمارے ادارے جتنے متنازع ہوئے ، اتنے پہلے کبھی متنازع نہیں ہوئے،جتنا نقصان ہمارے سسٹم کو 2018کے الیکشن سے ہوا ماضی کے کسی الیکشن سے نہیں ہوا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جس نے کشمیر کا سفیر بننا تھا وہ آج کلبھوشن کا وکیل بن چکا ہے،کلبھوشن جادیوکا آرڈیننس قومی اسمبلی سے کیوں چھپایا گیا؟ایک شخصیت کے لیے مخصوص قانون بنانے کی کوشش کی، آئین میں ہے کہ کسی مخصوص شخصیت کے لیے مخصوص قانون سازی نہیں ہوسکتی،آرڈیننس ایوان میں نہ لاکر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ عمران نے ملکی معیشت کو جتنا تباہ کیا ہےماضی میں کبھی نہیں ہوا،جمہوریت ، معیشت اور معاشرے کو موجودہ حکومت نے بری طرح نقصان پہنچایا،یہ حکومت رہی تو مزید نقصان پہنچے گا، اسی لیے حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے سب متحد ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام سے پوچھا جائے کہ نئی پاکستان میں کتنی کرپشن ہورہی ہے،اعلان کیا تھا کہ 90دن میں صادق وامین وزیر اعظم ملک میں کرپشن ختم کردیں گے، لیکن یہاں تو عوام کا ہی جینا محال کردیا گیا ہے۔

انہوں نے  عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو این آراو نہ دینے کی بات کرنے والے عمران خان نے سب سے زیادہ ایمنسٹی دی ہے،بی آرٹی سب سے زیادہ متنازع ہے چینی اور تیل چوری میں سب کو این آر او دے دیا گیا، کورونا وبا سے عوام کی صحت کو جتنا نقصان پہنچا وہ بھی وزیر اعظم کی وجہ سے ہوا ہے،حال ہی میں جو اثاثے ڈکلیئر کیےگئے ہیں ، کیا ان پر آمدنی سے زائد اثاثوں کا کیس نہیں بنتا؟

انہوں نےمزید کہاکہ اے پی سی کے لیے عید کے بعد کام کیا جائے گا، ایجنڈے پر تما م پارٹیوں کے سربراہوں کو متفق کرلیں گے۔