چین کا جوابی اقدام امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم

630
ہیوسٹن/ چینگڈو: چینی عملہ عمارت خالی کررہا ہے‘ امریکی قونصل خانے کے باہر ہو کا عالم ہے

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے امریکا کو صوبہ سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں قائم اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دے دیا۔ چین کا یہ اقدام ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ 3 روز کے اندر بند کرنے کے امریکی حکم کا جواب ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا کہ امریکا کے غیرمنصفانہ اقدام کے خلاف چین نے جائز اور ضروری قدم اٹھایا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان موجودہ تعلقات کی صورتِ حال وہ نہیں، جس کی چین خواہش رکھتا ہے اور اس تمام تر صورتِ حال کا ذمے دار امریکا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا پر ایک بار پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے غلط فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور دوطرفہ بات چیت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔ یاد رہے کہ امریکا کے چینی دارالحکومت بیجنگ میں سفارت خانے کے علاوہ 5 مختلف شہروں میں قونصل خانے ہیں، جن میں شنگھائی، شنیانگ، ووہان، چونگزو اور چینگڈو شامل ہیں۔ امریکا کا چین کے غیر مختار علاقے ہانگ کانگ میں بھی ایک قونصل خانہ ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے منگل کے روز ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین کے ایجنٹ ٹیکساس میں میڈیکل اور دیگر ریسرچ کو چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جب کہ چینی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کے روز امریکا کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی تردید کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا پل اب ٹوٹ چکا ہے۔ امریکا کو قونصل خانہ بند کرنے کا جواب دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارت، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، جاسوسی کے الزامات، ہانگ کانگ میں نئے سیکورٹی قانون کے نفاذ اور چین کے ایغور مسلمانوں کے حقوق کے معاملے پر دونوں ممالک میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ انصاف نے 4 چینی شہریوں پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے چینی فوج سے اپنا تعلق چھپا کر ویزا حاصل کرکے جعل سازی کی۔ محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد امریکا میں تحقیقی کام کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں محقق کے طور پر کام کر رہی تھی۔ ان میں سے 3 افراد کو جون یا جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ ایک نے 20 جون کو وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایجنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد مبینہ طور پر فرار ہو کر سان فرانسسکو میں چینی قونصل خانے کا رخ کیا تھا۔ وفاقی ادارہ قونصل خانے پر خاتون کی پشت پناہی کا الزام عائد کر رہا ہے۔