مکہ مکرمہ: عازمین کیلیے ہوٹل مختص‘ ضروری اشیا کمروں میں موجود

366
مکہ مکرمہ: عازمین حج کے لیے مختص کمروں میں پہلے سے ضروری سامان رکھا ہوا ہے

مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے قیام کے لیے ایک ہوٹل مختص کیا ہے، جہاں ہر عازم کے لیے علاحدہ کمرہ رکھا گیا ہے، جہاں آب زمزم کے گیلن، پھلوں اور مٹھائیوں کی ٹوکریاں، کھانے کے برتنوں کے علاوہ ضروری سامان سے آراستہ بستر، جراثیم کش اسپرے، ماسک، حج کے معلوماتی کتابچے، کنکریاں، چھتری، نقل و حمل کے لیے بیگ اور دیگر سامان پہلے سے فراہم کیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے ہر عازم کے لیے ایک بیگ تیار کیا گیا ہے، جس میں بنیادی ضرورت کی تمام اشیا موجود ہیں جو حجاج کرام مکہ آمد کے بعد دوران سفر استعمال کریں گے اور اسی عمارت سے 4 ذی الحج کو منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے۔ دریں اثنا مسجد الحرام میں حج کے موقع پر صفائی ستھرائی، قالینوں کی درستی اور مسجد کو جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے 3500 افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو 24 گھنٹے مختلف اوقات میں مستقل کام کرے گی۔ مسجد الحرام کے امور کے ادارے سے وابستہ محمد بن مصلح الجابری نے بتایا کہ مسجد الحرام میں تقریباً 54 ہزار لیٹر جراثیم کش مواد روزانہ استعمال کیا جاتا ہے جب کہ صفائی اور دھلائی کے لیے 95 جدید مشینیں لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 2400 لیٹر مائع مواد جس میں سے 1500 لیٹر مسجد کے فرش اور 900 لیٹر ہاتھوں کی صفائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ نیز 1050 لیٹر خوشبوؤں کا بھی روزانہ استعمال کیا جاتا ہے۔