مولانا فضل الرحمن کے بھائی ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر تعینات

773

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بھائی کو کراچی کے ضلع وسطی کا ڈپٹی کمشنر تعینات کردیا گیا ہے۔مختلف حلقوں کی جانب سے ضیاء الرحمن کی تعیناتی کی مخالفت پروزیراطلاعات سندھ ناصرشاہ کا کہنا ہے کہ ان کی تعیناتی ایک انتظامی معاملہ ہے۔حکومت سندھ کی جانب سے جے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمن کے بھائی ضیا الرحمن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پرتحریک انصاف سمیت دیگرحلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ضیا الرحمن کا تعلق صوبائی مینجمنٹ سروس کے پی کے سے ہے، ضیا الرحمن کی خدمات سندھ
حکومت کے حوالے کی گئی تھیں، اْنہیں تاحکم ثانی ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی تعینات کیا گیا ہے۔انہیں فرحان غنی کی جگہ ڈی سی سینٹرل تعینات کیا گیا ہے جبکہ فرحان غنی کا تبادلہ کرکے ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ تعینات کردیا گیا ہے۔بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے پروزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے مولانا فضل الرحمن کے بھائی کی تعیناتی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا بھائی ہونا کوئی جرم نہیں ہے ،ضیاء الرحمن خیبر پختوا میں بھی انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، وہ کمشنر افغان رفیوجی اور ڈی سی خوشاب بھی رہ چکے ہیں،ضیاء الرحمن کی تعیناتی ایک مکمل انتظامی معاملہ ہے۔