ایم کیو ایم کا مولانا فضل الرحمن کے بھائی کی تعیناتی  پرعدالت جانے کا فیصلہ

931

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نےفضل الرحمن کے بھائی ضیا الرحمن  کوکراچی میں ڈپٹی کمشنر لگانے پر سندھ حکومت کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ لگتاہےاےپی سی کاخمیازہ کراچی والوں کوبھگتنا پڑے گا، خیبر پختونخواہ  سے کراچی ضلع وسطی میں ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی ہوئی،جو کہ ماوراقانون اورماوراآئین عمل ہواہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نےایک اورشب خون ماراہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں رشوت کا بازار گرم کیا جارہاہے،غیر قانونی منڈیا لگانے پر رشوت طلب کی جارہی ہے، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے پہلے ہی کراچی کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا گیا۔

جبکہ دوسری جانب وفاقی وزیرامورکشمیرعلی امین گنڈاپورنے بھی فضل الرحمن کےبھائی کی سندھ میں تعینانی پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتانہیں کس قانون کےتحت مولانا فضل الرحمن کےبھائی کوسول سروسزمیں لایاگیا، ضیا الرحمن بغیرٹیسٹ اورمیرٹ کے بھرتی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسمبلی کوبغیر ڈیزل کےچلارہےہیں، مولانا فضل الرحمن کشمیرکمیٹی کی چیئرمین شپ لےکرنوازحکومت کاحصہ بن گئے۔