سب سے مہنگا آٹا کراچی میں فروخت ہونے لگا

1113

کراچی نے آٹے کی قیمتوں میں ملک کے دیگر شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا، عوام 20کلو آٹا1360 روپے میں خریدنے پر مجبور ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق2جولائی کو کراچی میں20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت1200روپے تھی،3ہفتوں میں کراچی میں آٹے کاتھیلا 160روپے تک مہنگا ہوا،  جس کے بعد کراچی میں آٹے کے 20کلوتھیلے کی قیمت 1360روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد شمار کے مطابق  ملک کے مختلف بڑے شہروں میں آٹے کی قیمتوں کی سرکاری تفصیلات کچھ اس طرح سے ہے کہ 20کلو آٹے کا تھیلا حیدرآباداوربنو میں 1260روپے  کا ہے، سکھر اور لاڑکانہ میں 1140روپے کا ہے،

پنجاب میں چکی آٹے کی قیمت میں راتوں رات 2روپے کا اضافہ کردیا گیا ، جس کے بعد چکی آٹا 70روپے کلومیں فروخت ہونے لگا۔

آٹا مہنگا ہونے کے بعد پنجاب کےگوجرنوالہ ، سیالکوٹ ، لاہور اور فیصل آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 860روپے تک  پہنچ گئی ہے،ملتان ، بہاولپور،سرگودھا میں بھی 20کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت 860روپے ہے۔

جبکہ 20کلو آٹے کا تھیلا پشاور میں 1280روپے اور خضدار میں 1000روپے کا ہے،اسی طرح 20کلو آٹا کوئٹہ میں بھی 1160روپے کا  فروخت ہورہاہے۔

ایسے میں مہنگائی میں پسی عوام کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے بلوں کے اضافی چارجز کے بعد آٹا بھی مہنگا کردیا ہے، جس کے بعد دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگئی ہے۔

عوام نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قیمتوں کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے ،  مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔