آیا صوفیا مسجد میں امام نے تلوار تھام کر خطبہ جمعہ دیا

1424

استنبول: جامع مسجد آیا صوفیا میں خطبہ جمعہ کے دوران ترکی کےوزیر مذہبی امور ڈاکٹر علی ایرباش نے تلوار تھامی ہوئی تھی جو سلطنت عثمانیہ کے دور کی روایت ہے۔

تفصیلات کے مطابق استنبول کی تاریخی جامع مسجد آیا صوفیا میں نماز جمعہ کے دوران  فتح قسطنطنیہ کی یاد تازہ ہوگئی،ترکی کے وزیر مذہبی امور دیانت پروفیسرعلی ایرباش نے فتح کی علامتوں کے ساتھ خطبہ جمعہ پڑھا، انہوں نے اپنے بائیں ہاتھ میں تلوار تھام رکھی تھی ۔

خیال رہے کہ تلوار خلافت عثمانیہ کے دور کی روایت ہے اور فتح کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

انہوں نے تلوار ہاتھ میں تھام کر جہاں ایک طرف دشمنان اسلام کو پیغام دیا، تو دوسری جانب مسلمانوں کو اتحاد اوراعتماد کا، انہوں نے کہا کہ آیا صوفیا فتح کی علامت ہے، سلطان محمد فاتح نے آیا صوفیا مسجد کو قیامت تک مومنین کے وقف کردیا تھا۔

اس سے قبل ترک صدر طیب اردوان نے قرآن پاک کی سورہ الفتح کی تلاوت بھی کی۔

آیا صوفیا مسجد میں آج جمعہ کی نماز کا بڑا اجتماع ہوا، جس میں  ایک اندازے کے مطابق ترک صدر ، وزرا، اعلیٰ شخصیات اور ارکان پارلیمنٹ  سمیت  3 لاکھ 50 ہزار نمازیوں نے شرکت کی۔