ہٹلر کی فوج میں شامل آخری اہلکار کو سزا سنا دی گئی

499

جرمنی: ہیمبرگ کی ایک عدالت نے جنگ عظیم دوئم میں نازی حراستی کیمپ پر گارڈ کی ڈیوٹی نبھانے والے 93 سالہ جرمن شخص برونو ڈی کو قیدیوں کی موت میں معاونت کرنے کے جرم میں دو سال کی سزا سنا دی۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی ایس بی ایس کے مطابق برونو ڈی کا مقدمہ نازی دور کے جرائم کے خلاف آخری مقدمہ ہے جس کی سماعت کی گئی ہے۔

برونو ڈی، پولینڈ میں اسٹٹ ہوف میں قائم ہٹلر فورسز کے ایک حراستی کیمپ (concentration camps) پر گارڈ کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ عدالت نے برونو ڈی پر اگست 1944 سے اپریل 1945 کے درمیان ہونے والی ہلاکتوں میں ملوث ہونے کا فردِ جرم عائد کیا ہے تاہم جرائم کے وقت عمر کم ہونے کے باعث عدالت نے 2 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔

برونو ڈی نے حراستی کیمپ میں اپنی موجودگی کا اعتراف کیا ہے تاہم انہوں نے اپنے جرم کے دفاع میں موقف پیش کیا ہے کہ چونکہ جرائم کے وقت ان کی عمر صرف 17 یا 18 سال تھی اور ہٹلر کے دورِ حکومت میں ان کے پاس اور کوئی راستہ بھی نہیں تھا لہذا وہ سزا کے حقدار نہیں ہیں۔