بولیویا کی سڑکیں لاشوں سے بھر گئیں

516

جنوبی امریکی ملک بولیویا میں سڑکیں لاشوں سے بھر گئیں، ملک کے سب سے بڑے شہر سمیت مختلف علاقوں سے چند روز میں سیکڑوں لاشیں اٹھا لیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق قریباً 12 ملین آبادی والے ملک میں سڑکوں پر موت کے رقص نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

پولیس نے گزشتہ پانچ روز کے دوران بڑے شہروں سمیت مختلف علاقوں سے 400 سے زائد لاشیں سڑکوں، گھروں اور گاڑیوں سے اٹھائی ہیں اور ان میں سے 85 فیصد کا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

میٹروپولیٹن سٹی کوچابمبا میں میں 15 سے 20 جولائی کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر 191 لاشیں اٹھائیں جب کہ دارالحکومت لاپاز میں 141 لاشیں برآمد ہوئیں۔

نیشنل پولیس ڈائریکٹر کرنل ایون روجس نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر سانتا کروز سے 68 لاشیں ملی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے ملنے والی لاشوں میں سے 85 فیصد کے کورونا میں مبتلا ہونے یا ان میں کوویڈ 19 کی علامات کا شبہ پایا گیا ہے۔

سرکاری ادارے کا کہنا ہے کہ زائد اموات والے شہروں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ملک میں مجموعی طور پر کورونا کے 61 ہزار مریض سامنے آئے ہیں جب کہ 2 ہزار 218 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

فرانزک انوسٹی گیشن انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ یکم اپریل سے 19 جولائی کے دوران اسپتال کے باہر سے 3 ہزار لاشیں اٹھائی گئی ہیں۔