منورحسنؒ بہادر اور اپنے موقف پر ڈٹ جانے والے انسان تھے، ممتاز سہتو

347
 نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو سکرنڈ پریس کلب میں سید منور حسن مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

سکرنڈ (نامہ نگار)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ؒ نے اس طرح زندگی گزاری جس طرح کہ اللہ کو مطلوب انسان ہیں، ان کو دیکھ کر قرون اولیٰ کے انسان یاد آ جاتے ہیں، وہ ایک بہادر اور اپنے موقف پر ڈٹ جانے والے انسان تھے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیرجماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی سکرنڈ کی طرف سے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ؒکی یاد میں پریس کلب ہال سکرنڈ میں منعقد ہ تعزیتی پروگرام میں کیا۔ ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ سید منور حسنؒ نے گو امریکا گو کا نعرہ اس وقت لگایا جب سب ڈرے سہمے ہوئے رہتے تھے۔ امیر
جماعت اسلامی شہید بینظیر آباد سرور احمد قریشی نے کہا کہ سید منور حسنؒ نے اس وقت یہ بات کہی تھی کہ افغانستان میں امریکا شکست کھا جائے گا جب یہ بات کوئی بھی ماننے کے لیے تیار نہیں تھا لیکن آج سیدمرحوم کا موقف بالکل درست ثابت ہو رہا ہے۔ سماجی رہنماکنور راشد مکرم نے کہاکہ سید منور حسنؒ نے اپنی پوری زندگی نہایت ایمانداری اور دیانتداری سے گزاری انہوں نے اپنی ذات کے لیے کوئی بھی فائدہ نہیں لیا آج بھی ان کا اکلوتا بیٹابے روزگار ہے ،اپنی بیٹی کی شادی میں ملنے والے تحائف بھی جماعت اسلامی کے بیت المال میں یہ کہہ کر جمع کرائے کہ یہ تحفے میرے امیر جماعت ہونے کی حیثیت سے ملے ہیں۔ تقریب سے پریس کلب سکرنڈ کے جنرل سیکرٹری عبدالتواب شیخ ، جمعیت علما اسلام کے ضلعی امیرمولانا عبدالقیوم چنا نے بھی سیدمنورحسنؒ کی حیات وخدمات پر خطاب کیاجبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نائب امیر جماعت اسلامی سکرنڈ عاشق حسین پٹھان نے انجام دیے۔