پریکٹس میچ میں میری عمدہ کارکردگی کی وجہ وقار یونس ہیں، سہیل خان

589

ڈربی شائر: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرسہیل خان نے انٹرا پریکٹس میچ کے دوران عمدہ کارکردگی کا کریڈیٹ بالنگ کوچ  وقار یونس کو دے دیا ۔

سہیل خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل کھیلے گئے انٹرا پریکٹس میچ میں وقار یونس نے لیٹ سوئنگ کے گر سکھائے ہیں ، انگلینڈ میں کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں، یہاں ہر باؤلر کا گیند سوئنگ ہوتا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ وقار یونس ایک لیجنڈ ہیں جو بات انہیں گزشتہ چند روز سے الجھائے ہوئےتھی، وقار یونس نے وہ 5 منٹ میں سکھا دی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹرا پریکٹس میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سہیل خان نے 2016 میں دورہ انگلینڈ کے 2 ٹیسٹ میچوں میں 25 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کی تھیں، اس سیریز میں انہوں نے 2 مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں بھی اپنے نام کی تھی جبکہ  پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔

سہیل خان نے مزید کہا کہ 4 سال بعد قومی ٹیم میں واپسی پر انہیں فخر ہے، کہ نوجوان فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور وہ دونوں نوجوان فاسٹ باؤلرز کی نیٹ اور میچ میں عمدہ کارکردگی پر بہت خوش ہیں، نسیم شاہ کو 150 کی رفتار پر باؤلنگ کرتے دیکھنا ایک پرمسرت لمحہ ہوتاہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک بہترین باؤلر ہے۔