فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کیلیے تیار ہے‘ جنرل باجوہ

324
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی کو درپیش ہر خطرے کا مؤثر جواب دیا جائے گا، کورونا وائرس کی وبا کے دوران عیدالاضحی اور محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، وبا کے خلاف کامیابیوں کو احتیاط سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں 233ویں کور کمانڈرزکانفرنس جی ای ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر کانفرنس کے دوران ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی کے تناظر میں آپریشنل تیاریوں پرغور کیا گیا جبکہ خطے کی سیکورٹی صورتحال پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام فارمیشنزکی تیاریوں کو سراہا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا، آئندہ ماہ اگست کو بھارتی غیر قانونی اقدام کو ایک سال ہو جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دل اور کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی مدد کرنے پر فارمیشنز کے تعاون کو سراہا۔ آرمی چیف نے کورونا وبا کے خلاف لڑائی میں سول انتظامیہ کی مدد کی کوششوں کو بھی سراہا جبکہ کمانڈرز نے ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کوششوں کو سراہا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی کو درپیش ہر خطرے کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔