لیاری میں سیوریج مسائل کے حل کیلیے سید عبدالرشید نے عید تک کا الٹی میٹم دیدیا

1166

لیاری سے منتخب جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید نے 8 ذالحج تک الٹی میٹم دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سیوریج کا مسئلہ حل نہ ہوا تو عید کے بعد دما دم مست قلندر ہوگا۔

لیاری میں بدترین سیوریج مسائل پر آگرہ تاج کالونی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  سید عبدالرشید نے کہا کہ میرے ساتھ عوامی طاقت ہے مجھے ایک ایم پی اے نہ سمجھیں عوامی طاقت کے ساتھ ملکر سندھ حکومت گرا دونگا۔

 سید عبدالرشید نے کہا کہ لیاری کی تباہی کے ذمہ دار چالیس چور ہیں بلاول صاحب یا ان چالیس چوروں کو بچا لیں یا اپنے چالیس ہزار ووٹوں کو، ڈیڑھ برس بعد بھی اسی روڈ پر اسی ایشو پر پریس کانفرنس کررہے ہیں ، سیوریج کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں کیا گیا،2014 سے اس روڈکا ورک آرڈر ہوچکا ہے لیاری بھٹو کا پیرس کہنے والے دیکھ لیں یہ موئن جودڑو بن چکا ہےاس صورتحال کو دیکھتے ہوئے معلوم ہوتا ہے صوبہ شہر اور ڈی ایم سی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی نے دس ماہ قبل اس روڈ کو چھ ماہ  میں ماڈل روڈ بنانا تھا یہاں ڈی ایم سیز کے نمائندے صرف ٹھیکے لیتے ہیں  چار سالوں میں انہوں نے سیوریج کی درستگی کے لئے کوئی کام نہیں کیا ،لیاری کا بجٹ درست طریقے سے استعمال نہیں کیا جاتا، لیاری میں نمازی سیوریج کے پانی کو پھلانگتے ہوئے مسجد جاتے ہیں، دکانداروں کا بزنس تباہ ہوگیا ہے  اس علاقے نے پہلے لاک ڈاؤن کا سامنا کیا اب سیوریج نے لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گٹر میں گیس بھرنے سے کنڈی مین ہلاک ہوچکا ہے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے، آج بھی انکے ہاتھ میں کام ہے جنہوں نے گینگ وار کے دور میں بھی خوب مال بنایا  اب لیاری کے بجٹ کا آڈٹ ناگزیر ہوگیا ہے۔