بھارتی ٹیم کو دورہ آسٹریلیا کے دوران قرنطینہ میں رکنا ہوگا

248

کرکٹ آسڑیلیا نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا پر قرنطینہ میں رکنا لازم ہوگا”۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکیلی نے آسٹریلوی میڈیا سے ویڈیولنک پر پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا پر قرنطینہ میں رکنا لازمی ٹھہرنا ہوگا، بھارتی کھلاڑیوں کو بائیوسکیور ماحول میں ٹریننگ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

آسٹریلوی سرزمین پر قدم رکھنے والوں کے لیے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے کویڈ-19 ٹیسٹنگ لازم ہےجس کےبعد 14 روز کے قرنطینہ کے ایس اوپیز طے شدہ ہیں۔

نک ہوکیلی کا کہنا تھا کہ ہم مہمان ٹیم کے لیے اپنی وزارت ہیلتھ کے حکام کے ساتھ مل کر تمام احتیاطی تدابیر ممکن بنائیں گے، انگلینڈ کے ساؤتھمپٹن اور اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کی طرح ایڈیلیڈ میں ہوٹل موجود ہے جہاں ٹیم کو ٹھہرایا جاسکتا ہے تاہم اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ جب بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا آنا ہے تو اس وقت تک ٹریول ایڈوائزری میں کچھ تبدیلی ہو۔

واضح رہے بھارتی کرکٹ بورڈ کےصدر سارو گنگولی نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ “دو ہفتوں کے قرنطینہ کے حق میں نہیں، کھلاڑیوں کو کمروں تک محدود کردینا نامناسب ہوگا”-