لوڈشیڈنگ،اووربلنگ کے باوجود ٹیرف میں مرحلہ وار اضافہ عوام دشمنی ہے،نعیم الرحمن

269
کراچی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان اورنگی ٹائون میںکے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی اور نا قص کارکردگی اور عوام کو لوڈشیڈنگ و اووربلنگ کے دہرے عذاب سے دوچار کرنے کے باوجود کے الیکٹرک کے ٹیرف میں مرحلے وار اضافہ کرنا حکمرانوں کا شرمناک عمل اور عوام دشمن فیصلہ ہے‘ ٹیرف میں اضافے کو منسوخ کیا جائے‘ کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے اور 15 سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے‘ شہر بھر کے تمام دفاتر میں کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل قائم کردیے گئے ہیں‘ شہر بھرمیں مختلف مقامات پر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنوں اور مظاہروںکا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے الیکٹرک کی جانب سے اووربلنگ، لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافے کے خلاف قذافی چوک، اورنگی ٹائون نمبر1 میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی دھرنے سے قائم مقام امیر ضلع عربی مولانا فضل احد، نائب امیر ماسٹر امین اللہ، قائم مقام سیکرٹری ضلع مدثر انصاری، علاقہ علی گڑھ سوسائٹی کے صدر آصف لائق، الفلاح یوتھ سوسائٹی کے احسان دانش، انجمن تاجران علی گڑھ کے طاہر، اسامہ قادری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ دھرنے میں کے الیکٹرک کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور کے الیکٹرک کا علامتی جنازہ بھی رکھا گیا۔ شرکا نے کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران اسٹیل مل کو بند کرنے کا فیصلہ تو جلدی کرتے ہیں لیکن کے الیکٹرک کے معاملے میں مراعات اور سبسڈی دی جاتی ہے‘ ایک پرائیویٹ کمپنی کو آخر
کیوں سبسڈی دی جاتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کراچی کو لوٹ کھسوٹ کا بازار بنایا ہوا ہے اور صرف دودھ دینے والی گائے سمجھا ہوا ہے‘ کراچی پورے ملک کے لیے67 اور سندھ کے لیے95 فیصد ریونیو جمع کرتا ہے‘ اس کے باوجود کراچی کو کچھ نہیں ملتا‘ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کراچی سے باہر کے لوگوں کو نوکریاں دی جاتی ہیں‘ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان کراچی دشمنی کا مقابلہ چل رہا ہے‘ ایم کیو ایم کے کسی رکن نے کبھی کابینہ میں کراچی کے مسئلے پر بات نہیں کی‘ ایم کیو ایم نے وزارت حاصل کرنے کے لیے تو احتجاج کیے لیکن کراچی والوں کے حقوق کے لیے کوئی احتجاج نہیں کیا‘ مشرف حکومت میں ایم کیو ایم کے پاس بے شمار وزارتیں تھیں لیکن اس نے کراچی کے مسائل حل نہیں کیے۔ مولانا فضل احد نے کہا کہ کے الیکٹرک چوروں اور لٹیروں کا ادارہ بن چکا ہے‘ جماعت اسلامی نے شہر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا ہے‘ جماعت اسلامی نے اورنگی ٹاؤن کے عوام کے نادرا اور کے الیکٹرک کے مسائل حل کرائے۔ ماسٹر امین اللہ نے کہا کہ شہر کے خراب حالات کے باوجود جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی ترجمانی کی‘ کراچی سے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے پاکستان کے شہری نہیں بلکہ لندن اور کینیڈا کے شہری ہیں۔ مدثر انصاری نے کہا کہ کے الیکٹرک شدید گرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کرکے عوام پر ظلم ڈھا رہا ہے‘ کرپٹ حکمران کے الیکٹرک جیسے سفید ہاتھی کی سرپرستی کر رہے ہیں۔