حج کی تیاریاں مکمل، سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم

587

ریاض: حج سکیورٹی فورسز کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ رواں سال حج سیزن کی تیاریوں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز حج سیکیورٹی فورس کی ذمہ داریاں سرانجام دینے والے سعودی عہدیدار کا کہناہے کہ حج کے موقعے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری تدابیر اختیار کی جائیں گی، اس سال حج کے لیے دوسرے ممالک اور اقوام سے محدود تعداد میں حجاج کرام کو شامل کیا گیا ہے۔

سعودی عہدیدار نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روشنی میں عازمین کی حفاظت اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حکام کی جانب سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

دوسری جانب مکہ کے اطراف سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کردی ہیں جبکہ حج سیکیورٹی فورس ضرورت پربعض علاقوں میں لاک ڈاؤن یا بعض شاہراہیں بندکرسکتی ہے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہےکہ بغیرحج اجازت نامہ کے لے جانے والی ٹرانسپورٹ کمپنی پر جرمانہ ہوگا جبکہ حج کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے جیل کی سزاؤں اور جرمانے عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔