صحافی تسنیم امجد کے اعزاز میں عشائیہ

299

سعودی دارالحکومت ریاض کی سماجی اور کاروباری شخصیت سلیم مسعود کی جانب سے پاکستانی اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل سعودی عرب کی لیڈیز ونگ کی صدر منتخب ہونے پر کالم نگار اور صحافی تسنیم امجد کے اعزاز میں عشائیے کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں اور پاکستانی اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل سعودی عرب کے ارکان نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کا شرف حامد ناصر قادری کو حاصل ہوا جب کہ ہدیہ نعت عابد شمعون چاند نے پیش کیا۔نظامت کے فرائض مبشر انوار نے انجام دیتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
عابد شمعون نے تقریب کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے نمایندہ جسارت سید مسرت خلیل کو بتایا کہ مہمان خصوصی پاکستانی اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل سعودی عرب کے صدر ندیم اختر چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے لوگ عظیم ہوتے ہیں۔ اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل دیار غیر میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت کے لیے بنایا گیا پلیٹ فارم ہے۔ ہم سعودی عرب میں پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ مل کر اپنی کوششیں بروے کار لاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں کی خدمت ہی ہمارا نصب العین اور مشن ہے۔
تقریب سے پاکستانی اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل سعودی عرب لیڈیز ونگ کی صدر تسنیم امجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اپنی برادری کی خدمت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ میں تنظیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں حافظ احسان احمد کھوکھر، ندیم اختر چودھری اور دیگر کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ میری اولین کوشش رہے گی کہ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنی ہرممکن کوشش کروں۔
تقریب کے میزبان سلیم مسعود نے تسنیم امجد کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمے داری کو احسن طریقے سے سر انجام دیں گی۔تقریب سے زاہد شریف، ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی، ندیم ملک شیر، پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے صدر وسیم خان، حامد ناصر قادری، میاں طارق جنید، ناظم علی عطاری، عابد شمعون چاند، خرم خان، کامران ملک، ابرار تنولی، جہانزیب امجد اور دیگر نے بھی تسنیم امجد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاکستانی اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل سعودی عرب کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آخر میں مہمانوں کو یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی۔