پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا‘ قونصل جنرل خالد مجید

303

سعودی عرب میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے کشمیر کمیٹی جدہ کے زیر اہتمام یوم شہدائے کشمیر کے سلسلے میں مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے مستقل نمایندے رضوان سعید شیخ، نائب قونصل جنرل شائق احمد بھٹو، پریس قونصلرارشد منیر، کشمیر کمیٹی کے تمام ارکان اورکمیونٹی کے دیگر نمایندوں نے شرکت کی۔
قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ کشمیر کمیٹی جدہ ایک سرگرم اور فعال کمیٹی ہے اور انہوں نے مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج کی تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو 13 جولائی کو 22 کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور ان کی کی جدوجہد سے آگاہ کرنا ہے، جو کشمیر کی تاریخ میں امر ہوگئے ہیں۔ ہماری ذمے داری ہے کہ اس شمع حریت کو بجھنے نہ دیں۔ انہوں نے کشمیر کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی یونین سے کشمیر کا الحاق اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ قونصل جنرل خالد مجید نے مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق کی جائز جدوجہد میں حکومت پاکستان کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگست میں کشمیر کے لاک ڈاون کو ایک سال پورا ہو جائے گا۔
تقریب کے اعزازی مہمان خصوصی رضوان سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کشمیریوں کو طویل عرصے سے بھارتی حکومت کے ہاتھوں ظلم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، لیکن مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس صورتحال کو مزید بڑھاوا دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیر میں ناجائز، منظم اور ریاستی سرپرستی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو فوری طور پر بند کرے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ ریاست میں بلا روک ٹوک رسائی دے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام گرفتار افراد کو رہا کرکے لاک ڈاون کو فی الفور ختم کیا جائے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود پوری نے اس دن کی تاریخی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کو سری نگر میں، کشمیر کی ڈوگرہ حکومت نے 22 کشمیریوں کا قتل عام کیا تھا ، جو اپنے منصفانہ مقصد کے لیے آواز بلند کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کا آغاز ہوا، جو آج تک سیاسی جدوجہد سمیت مختلف مراحل سے گزر رہا ہے۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ ڈوگرہ راج میں مسلمانوں پر مذہبی پابندیاں لگائی گئیں۔ شرکا نے آزادی کشمیر کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیر کمیٹی کے ارکان کا قونصل جنرل پاکستان کے ساتھ گروپ فوٹو