ہمارے قلم کشمیر کی آزادی تک جہاد جاری رکھیں گے‘ عابد شمعون چاند

273

عابد شمعون چاند
پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم سعودی عرب کے چیئرمین عابد شمعون چاند نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے قلم کشمیر کی آزادی تک جہاد جاری رکھیں گے۔ 13 جولائی 1931ء کو پیش آنے والا سانحہ کشمیریوں کی جرات، شجاعت اور بہادری کی تاریخ کا قابل فخر واقعہ ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر آج ہی نہیں سالہا سال سے لہو لہو ہے اور اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ کشمیر تمدنی، ثقافتی، مذہبی، جغرافیائی، معاشرتی اور سیاسی طور پر پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، یہی وجہ ہے کہ کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا جاتا ہے۔ کوئی ملک اور قوم یہ برداشت نہیں کر سکتی کہ اپنی شہ رگ پر دشمن کی تلوار چلنے دے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارتی مظالم اور مودی سرکار کے کرتوت دنیا کے سامنے بے نقاب کیے جائیں۔ کشمیری آزاد فضاؤں میں رہنے اور سانس لینے کا حق رکھتے ہیں۔ ڈوگرہ راج کے ظلم کا سیاہ دور 13 جولائی 1931ء کے شہدا کی قربانیوں کی بدولت غروب ہوا جب کہ آج کشمیریوں کی شہادتوں اور قربانیوں کی بدولت ہی کشمیر کی منزل آزادی کے قریب ہو رہی ہے۔ عابد شمعون چاند نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو فوری طور پر ان کا غصب شدہ حق خودارادیت دیا جائے اور بھارت اگر ان کے اس پیدایشی حق کو تسلیم نہیں کرے گا، تو پھر اب بھارت کو ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔ 13 جولائی کا دن کشمیری قوم کے لیے سنگ میل اور مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ عابد شمعون چاند نے کہا کہ اللہ کے فضل سے کشمیر کی آزادی کے دن قریب ہیں۔ کشمیر آزاد ہونے والا ہے اور کشمیریوں کو بہت جلد فتح نصیب ہوگی۔