سینیٹر سراج الحق کا حکومت سے کشمیر کی آزادی کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کا مطالبہ

427

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کا مطالبہ کردیا۔

سراج الحق نے سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  صدر سے تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتےہیں، دنیا بھر میں تیل پانی کی طرح بہہ رہا ہے جبکہ پاکستان میں اس کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  بلوچستان رو رہاہے ، جنوبی پنجاب کی پسماندگی برقرار ہے، قبائلی اضلاع کے حالات خراب ہورہے ہیں، اندرون سندھ مسائل بڑھ رہے ہیں، کراچی میں پانی ہے نہ ٹرانسپورٹ، پہلی حکومت دیکھی ہے جس کے وزراءبجلی کا مسئلہ حل کرنے کی بجائے احتجاج اوردھرنوں میں بیٹھے ہیں، حکمران احتجاج کریں گے تو عوام مسائل کے حل کیلئے کہاں جائیں گے۔

  سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن ا ور اب تحریک انصاف کے ادوار میں دیکھا اور سنا ہے کہ صدر جو تقریر کرتا ہے لگتا ہے ایک ہی آدمی نے ان سارے صدور کی تقریر لکھی تھی، مسائل بڑھتے گئے، قومی ایشوز کو زیر بحث نہیں لایا جاتا۔

انہون نے کہا کہ  ہر صدر نے حکومت کی تعریف ان کے اقدامات کو تحفظ فراہم کیا جبکہ صدر کو حکومتی وعدوں پر بات کرنی چاہیے تھی کیونکہ یہ حکومت تبدیلی کا نام لے کر عوام سے مینڈیٹ لیا، وعدوں کا تجزیہ پیش کرنا چاہیے تھا، صدر کے خطاب سے مسائل اور مایوسی میں مزید اضافہ ہوا ہے، کشمیر جوکہ پاکستان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اسی دور حکومت میں کشمیر نامی ریاست کا نام نقشہ پر ختم ہوکر رہ گیا کب تک مقبوضہ کشمیر میںخون بہے گا، حکومت نے کشمیر کی حیثیت کی بحالی کیلئے کیا کیا، اس حکومت سے اتنا نہیں ہوسکا کہ ساری سیاسی قیادت کو اکٹھا کرلیتی۔