خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے ریفرنس اسپیکرقومی اسمبلی کو ارسال

251

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کر دیا گیا، ریفرنس شہداء فاؤنڈیشن آف پاکستان کی جانب سے ترجمان شہداء فاؤنڈیشن حافظ احتشام احمد نے ارسال کیا ،ریفرنس آئین پاکستان کے آرٹیکل 63دوکے تحت ارسال کیا گیا ہے،ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8جولائی کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران خواجہ آصف کا مذہب سے متعلق توہین آمیز بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں اسلام کی بنیادی تعلیمات کا ہی علم نہیں ہے لہٰذا وہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 62ون ای کے تحت رکن قومی اسمبلی رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ریفرنس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے استدعا کی گئی ہے کہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے کر بحیثیت رکن قومی اسمبلی ڈی سیٹ کرنے کے لیے ریفرنس آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 دوکے تحت آئندہ تیس دن کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کیا جائے ۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل 63دوکے تحت اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجے گئے ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نے 8جولائی کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران ایسے الفاظ کہے جو ناصرف توہین اسلام ہے بلکہ واضح نص قرآنی کی بھی خلاف ورزی اور توہین ہے،8جولائی کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے یہ بھی کہا تھا کہ انہوں نے عید کی نماز نیویارک میں چرچ میں اداکی تھی،خواجہ محمد آصف کو یہ بھی معلوم نہیں کہ مسلمانوں کو عید کی نماز عید گاہ یا مسجد میں پڑھنے کا حکم ہے،مساجد کی موجودگی میں چرچ یا گرجا گھروں میں نماز پڑھنا ناجائز و حرام ہے،آئین پاکستان کے آرٹیکل 62ون ای کے تحت رکن قومی اسمبلی بننے یا رکن قومی اسمبلی رہنے کے لیے ضروری ہے کہ اسلام کی تعلیمات کا خاطر خواہ علم ہو،خواجہ محمد آصف کی جانب سے تمام مذاہب کو نعوذباللہ برابر قرار دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں اسلام کی بنیادی تعلیمات کا ہی علم نہیں ہے لہٰذا وہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 62ون ای کے تحت رکن قومی اسمبلی رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 62کے تحت جب کسی رکن قومی اسمبلی کی اہلیت پر کوئی سوال اٹھے تو آئین پاکستان کے آرٹیکل 63دوکے تحت اسپیکر قومی اسمبلی پر لازم ہے کہ وہ مذکورہ رکن قومی اسمبلی کو نااہل قرار دے کر ڈی سیٹ کرنے کے لیے ریفرنس تیس دن کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کریں ۔ ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ خواجہ محمد آصف کو دستور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل62ون ای کے تحت نااہل قرار دے کر بحیثیت رکن قومی اسمبلی ڈی سیٹ کرنے کے لیے دستور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 63دوکے تحت ریفرنس آئندہ تیس دن کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کیا جائے۔