عدالت نے وزیراعظم کے 15 معاونین خصوصی کو آخری مہلت دے دی

519

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے 15 معاونین خصوصی کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے معاونین خصوصی کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف 5 منٹ کا کیس ہے، 3 بار کہہ چکے جواب جمع کرائیں، 4 بار نوٹس کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو حکم جاری کردیں گے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی فہرست طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ معاونین خصوصی کے نوٹی فکیشن کی کاپی بھی جمع کرائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے ریماکس میں کہا کہ وزیراعظم کا معاون وہی ہوسکتا ہے جو متعلقہ شعبے کا ماہر ہو۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔