گاڑیوں کی رجسٹریشن کےلیے اسمارٹ کارڈ جاری ہوگا

642

کراچی: سندھ حکومت نےگاڑیوں کی رجسٹریشن  بک کے بجائے اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا جس پر عملدرآمد آئندہ  2 ہفتوں میں شروع ہوجائے گا۔

آئی آئی  چندریگر روڈ کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کی نئی عمارت کا افتتاح کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے صوبائی وزیر مکیش چاؤلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عمارت میں ٹیکس دہندگان کیلئے بہت جلد سہولت سینٹر قائم کیا جائے گا۔

اس دوران صوبائی مکیش چاؤلہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن بک اور سیکیورٹی فیچرز نمبر پلیٹ کے بارے میں صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اسمارٹ کارڈ میں گاڑی کے مالک اور گاڑی کا تمام ٹیکس ریکارڈ ہوگا، گاڑیوں کی سیکیورٹی فیچرز نمبر پلیٹس بھی تیار کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا کہنا تھا کہ  کورونا وائرس کی مشکل صورتحال کے باوجود سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مالی سال 2019۔20 کے دوران 100 فیصد سے زیادہ ٹیکس کا ہدف حاصل کیا ہے۔