ڈونلڈ ٹرمپ پی آئی اے کا روز ویلٹ ہوٹل خریدنے کے خواہشمند

1040

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں موجود پی آئی اے کے لگژری ہوٹل روزویلٹ کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کااجلاس ہوا جس میں پی آئی اےکی کارکردگی پرغور کیا گیا، پی آئی اے کی ذیلی کمپنی پی آئی انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے ایم ڈی نے شرکاء کو بریفنگ دی اور کہا کہ نیویارک کے روز ویلٹ ہوٹل اور پیرس کےہوٹل کی کمپنی ہی مالک ہے، روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی عمارت بہت پرانی ہے، اس کی مرمت کاکافی خرچہ ہے۔

قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کرنے والوں میں امریکی صدر بھی شامل ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کے حوالے سےابھی فیصلہ کرنے کی بجائے انتظار کریں، ابھی نہ پی آئی اے بکے گی نہ ہوٹل،ہماری حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کرنا چاہیے تھی، روز ویلٹ کی نجکاری بے شک شروع کریں مگر فیصلہ سوچ سمجھ کےکریں۔

دوسری جانب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہوٹل اور ریسٹورینٹس کی چَین میں اضافے کیلئے نیویارک میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے عالیشان ہوٹل روزویلٹ کو خریدنے میں  دلچسپی رکھتے ہیں۔