آئندہ ہونے والے سیمسٹر کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جامعہ کراچی

2618

کراچی : (اسٹاف رپورٹر) ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جامعہ کراچی کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ماڈل) فراہم کردیا گیا۔

ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جامعہ کراچی کو فراہم کئے جانے والے آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم(ماڈل) پرعملدرآمد کے لئے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں طے پایا کہ آئند ہونے والے سیمسٹر کے تدریسی عمل کو مذکورہ سسٹم پر منتقل کردیا جائے گا،مذکورہ سسٹم پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کی سربراہی میں ایک نو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایچ ای سی کے بھی دوتربیتی نمائندے شامل ہیں، جو مختلف ذیلی کمیٹیوں کو مرتب کرکے شعبہ جاتی نمائندوں کے ذریعے اساتذہ اور طلباوطالبات کا ڈیٹا مرتب کرے گی جس کی مدد سے اساتذہ اور طلبہ کے لئے  ٹیچنگ لرننگ اکاؤنٹس مرتب کئے جائیں گے۔

 مذکورہ سسٹم شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی درخواست پر جامعہ کراچی کو فراہم کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ساتھ ایچ ای سی جامعہ کراچی کو تکنیکی سہولیات بھی فراہم کرے گا،علاوہ ازیں ایچ ای سی نے جامعہ کراچی کے تکنیکی عملے کو مینیجریل اکاؤنٹس بھی مہیا کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ سسٹم پوری دنیا میں ایک منفرد اور معیاری لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے طور پر جانا،پہچاناجاتاہے اور جامعہ کراچی اپنی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کی بدولت بین الاقوامی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لئے شب وروز کام کررہی ہے۔