عمران خان خود کو جنرل سمجھتے ہیں،انکا حشر بھی آمروں والا ہوگا،مولا بخش چانڈیو

406

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے آپ کو بھی جنرل سمجھتے ہیں لیکن وردی نہ ہونے کی وجہ سے جنرل نہیں کہلا سکتے۔ سب کے سامنے ہے کہ آمر کس طرح گئے ہیں، یہ بھی بغیر مینڈیٹ کے حکومت میں آیا ہے اس کا بھی وہی حال ہوگا۔عمران خان حکومت میں جو دن گزار رہے ہیں وہ ملک اور عوام کے لیے تباہی کا باعث ہیں۔ بلاول زرداری کے ساتھ لوگ شامل ہوں گے اور ماحول گرم ہوگا۔ اسلام آباد میںپیپلزپارٹی کے ایم پی اے لال چند اوکھرانی اور نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیونے کہا کہ ہم نے ایوب ، ضیااور مشرف کی حکومتیں بھی دیکھی ہیں لیکن اس طرح کی حکومت ہم نے نہیں دیکھی۔ اس سے پہلے حکومتوں کا نوٹس لیا جاتا تھا لیکن اس حکومت کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا ۔ جب حکمران بہرے ہو جاتے ہیں تو قدرت فیصلے کرتی ہے۔ پنجاب میں لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں لیکن اس پر حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ دوسری پارٹیوں کو چھوڑ کر آنے والے کرپٹ سیاستدان تحریک انصاف میں آکر کیسے فرشتے بن گئے؟ ، وزیراعظم کی وکالت کرنے والے بھی آج شرما رہے ہیں کہ وہ ملک سے دشمنی کر رہے تھے، عمران خان دہشتگردوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کردار نہیں ہے کہ وہ بلاول زرداری پر بول سکیں۔ پیپلزپارٹی کا جرم ہے کہ وہ وقت سے پہلے بتا دیتی ہے۔ بلاول زرداری کی تربیت شریف سیاستدانوں اور فہم سیاست رکھنے والوں نے کی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبوں سے حصہ وصول کر رہے ہیں، چھوٹے صوبوں کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے لیکن یہ حکومت کو ہضم نہیں ہوگی۔ اٹھارہویں ترمیم آئین کا حصہ ہے اس پر وزراء ڈر کر بولتے ہیں۔