سندھ آبادگار شوگر مل کے ملازمین کا برطرفی کیخلاف پریس کلب پر احتجاج

190

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)سندھ آ بادگار شوگر مل کے برطرف ملازمین کا مل انتظامیہ کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ، سخت نعریبای ، انتظامیہ نے بلا جواز ہمیں نوکری سے برطرف کر کے گیٹ بند کردیا ، انصاف فراہم کیا جائے ، مظاہرین کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ آبادگار شوگر مل کے ملازمین نے جبر ی برطرفی کیخلاف غلام قادر شورو ، ذوالقرنین لونڈ ، غلام مصطفی سولنگی ودیگر کی قیادت میں سندھ آبادگار شوگر مل انتظامیہ کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیا اور سخت نعریبازی کی ، اس موقع پر مظاہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ سندھ آبادگار شوگر مل انتظامیہ نے ہمیں بنا جواز نوکریوں سے برطرف کر کے مل کا گیٹ بند کردیا، ہم غریب مزدور ہیں اور لاک ڈاؤن کے باعث معاشی بدحالی کا شکار ہیں ، ہمارے بچے دو وقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہیں ، سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں کو نوکریوں سے نکالنے سے روکا گیا ، لیکن سندھ آبادگار شوگر مل نے حکومتی اعلان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھی ہمیں نوکریوں سے برطرف کردیا ، مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان ، صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ ہمیں جلد از جلد نوکریوں پر بحال کیا جائے۔