ٹنڈو الہیار :عوام نے مویشی منڈیوں کے اوقات کار مسترد کردیے

176

ٹنڈوالہیار (ڈسڑکٹ رپورٹر )ٹنڈوالہیار کے شہریوں نے حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں کے نئے اوقات کار مسترد کردیے، نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفتر کے اوقات میں کیسے منڈی جائیں، اتنے کم وقت میں خریداری ممکن نہیں۔وفاقی حکومت نے ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کے لیے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے صبح 6 سے شام 7 بجے تک اوقات کار مقرر کردیے ۔حکومتی فیصلے پر ٹنڈوالہیار کے شہریوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہوسکتا ہم دفتر کے وقت کیسے مویشی منڈی جائیں گے، ہم صبح 8 بجے گھر سے دفتر کیلئے نکلتے ہیں اور شام 7 بجے گھر واپسی ہوتی ہے اور شام کے وقت تھوڑا آرام کرکے ہی قربانی کا جانور خریدنے کیلئے نکلتے ہیں۔شہریوں نے کہا کہ اتنے تھوڑے وقت میں قربانی کا جانور کیسے خریدیں گے جبکہ ہمارے دفتر کے اوقات ہی شام تک کے ہیں، ٹنڈوالہیار پر شہر سے دور قائم مویشی منڈی میں وفاقی احکامات سے بے خبر شہری شام 7 بجے کے بعد بھی قربانی کے جانوروں کی خریداری کرتے ہوئے نظر آئے۔شہریوں نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے، بلاوجہ کی پابندیاں لگانے سے شہری مزید پریشانی کا شکار ہوجائیں گے۔ 24 گھنٹے قربانی کے جانوروں کی خریداری کی اجازت سے رش میں کمی آئے گی اور لوگ آسانی سے اپنے لیے قربانی کا جانور خرید سکیں گے، حکومت لوگوں کو مشکل میں ڈالنے کے بجائے آسانی پیدا کرے۔