اسپورٹس کمپلیکس منصوبہ فنڈز روکنے پر وزیراعظم کیخلاف نیب میں درخواست

172

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس منصوبے کے فنڈز روکنے کے الزام میں قومی احتساب بیورو (نیب) میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس کے لیے درخواست دائر کردی۔ اسلام آباد میں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کی86 فیصد فنڈنگ ہوچکی تھی‘ صرف 40 کروڑ روپے باقی رہتے تھے مگر عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اس منصوبے کی فی الفور فنڈنگ روک دی جو صرف14 فیصد باقی رہ گئی تھی جس کی وجہ سے درآمد شدہ سامان ضائع ہوا‘ کروڑوں روپے کی ایس ٹرو ٹرف جو درآمد کی گئی تھی اور اس کی سپلائر کی طرف سے6 ماہ کی وارنٹی تھی‘ وہ وارنٹی ایکسپائر ہوگئی اور ایس ٹروٹرف ضائع ہوگیا‘ وہاں جو ایتھلیٹکس ٹریک تھا اس کے لیے کروڑوں روپے کا ٹریک درآمد ہوا جس کی 6 ماہ کی انسٹلالیشن کے لیے وارنٹی تھی وہ ایکسپائر کی گئی اور وہ ٹریک ضائع ہوگیا۔ انہوں نے کروڑوں روپے کی درآمد ات کو ضائع کردیا اس علاوہ وہاں پر کروڑوں روپے کی ان ڈور فلورنگ لگی تھی اس کی کسی نے دیکھ بھال نہیں کی‘ جانوروں نے اس کی بربادی کی‘ وہاں لگی کھڑکیاں دروازے شیشے ٹوٹ گئے‘ انہوں نے وہ پورا منصوبہ کھنڈر بنا دیا ہے‘ کروڑوں اربوں روپے کا نقصان کردیا ہے اور کنٹریکٹر اپنے کلیم بنائیں گے 40 کروڑ روپے سے یہ منصوبہ مکمل ہوسکتا تھا۔ چیئرمین نیب اس کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے تو اس منصوبے کو اجاڑنا اس سے بھی سنگین جرم ہے‘ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اس منصوبے کو فی الفور مکمل کیا جائے تاکہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو ان کا حق مل سکے‘ نیب کا ادارہ جو صرف (ن) لیگ کی کردار کشی کر رہا ہے‘کیا اس کو پی ٹی آئی کی کرپشن نظر نہیں آتی؟ کیا اس کو گندم اور چینی کا بحران نظر نہیں آتا؟ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن کا اسکینڈل بی آر ٹی پشاور ہے ‘اس وقت عمران کرپشن کی سب سے بڑی چھتری بن چکا ہے جس کے نیچے کرپشن کے سب مگر مچھ جمع ہیں اور ان کو استثنا حاصل ہے اور یہ نیب کے ذریعے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنانے کے لیے افسروں کو ڈرارہے ہیں۔