نقیب اللہ قتل : عدالت متعلقہ پولیس افسر کی غیر حاضری پربرہم

249

کراچی (نمائندہ جسارت)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں عابد قائمخانی کو 21جولائی کو طلب کرلیا ،منگل کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کی ،سماعت کے موقع پر سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار، ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان ،عامر منصوب ایڈووکیٹ، صلاح الدین پہنور سمیت دیگر وکلاء موجود تھے ،اس موقع پر پولیس آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس فائل ڈاکٹر رضوان کے پاس ہے اورڈاکٹر رضوان پنجاب میں ہیں جبکہ انہوں نے کہا تھا کہ فائل عابد قائمخانی کو دے کر جاؤنگا، عدالت نے دوران سماعت عابد قائمخانی کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ،سماعت کے موقع پر صلاح الدین پہنور ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ عابد قائمخانی کو ڈائریکشن دے دیں کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں،سب گواہوں کو پابند کریں کہ پیش ہو، سماعت کے دوران عامر منسوب قریشی نے عدالت کو بتایا کہ اس طرح تو معاملات کو طول دیا جارہا ہے، جو گواہ موجود ہیں ان کو سنا جائے، اگر مقدمہ نہیں چلانا تو تاریخ نہ دی جائے گواہوں کو لایا جائے، ایک دفعہ عابد قائمخانی کو پابند کیا جائے، دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ کیس کی فائل اور گواہوں کو لانا آپ کی ذمے داری ہے،اس موقع پر پولیس آفیسر نے عدالت سے استدعا کی کہ فائل کو عدالتی تحویل میں لیا جائے بعد ازاں عدالت نے عابد قائم خانی کو طلب کرتے ہوئے سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔